موڈبیدری25؍جنوری (ایس ا و نیوز) شہری پولیس تھانے کے افسران نے بیلووائی گرام پنچایت کے صدر اور بجرنگ دل کے لیڈر سومناتھ کوٹیان کو امتیاز (29سال) نامی ایک شخص کو قتل کرنے کی ساز ش رچنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوتوا لیڈر پرشانت پجاری قتل کیس میں امتیاز بھی ایک ملزم ہے۔ وہ جب ضمانت پر رہا ہوگیا تو اس نے گنٹل کٹّے نامی مقام پر ایک چھوٹے سا ہوٹل شروع کیا۔24ستمبر 2018کی صبح میں کچھ لوگ ایک انوواکار میں اس کے ہوٹل کے پاس آئے اور چائے نوشی کے بہانے ہوٹل میں داخل ہوکر اس پر قاتلانہ حملہ کردیا۔ امتیاز کسی طرح اپنی جان بچاکر حملے کی زد سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
پولیس نے تحقیقات کے بعد اس حملے میں شامل چند ملزمین کو کچھ دن پہلے گرفتار کرلیا تھا ۔ ان سے پوچھ تاچھ کے دوران یہ بات صاف ہوگئی کہ امتیاز کو قتل کرنے کی سازش سومناتھ کوٹیان کے گھر میں رچی گئی تھی۔سومناتھ کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیاجہاں سے اس کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔پولیس مزید تحقیقات میں لگی ہوئی ہے۔